فیلڈ مارشل عاصم منیر سعودیہ پہنچ گئے، وزیر دفاع سے ملاقات
مشتر کہ مفادات کی تکمیل ،سمجھوتوں اور معاہدوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا مضبوط تعلقات اور سٹراٹیجک دفاعی شراکت داری کا اعادہ کرنا تھا:شہزادہ خالد
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں انہوں نے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور سٹراٹیجک دفاعی شراکت داری سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مشتر کہ مفادات کی تکمیل سمیت دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے مختلف سمجھوتوں اور معاہدوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کا مقصد ہمارے مضبوط تعلقات اور سٹر اٹیجک دفاعی شراکت داری کا اعادہ کرنا تھا،ہم نے اپنے مشترکہ مفادات کے مطابق بین الاقوامی امن و سلامتی کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کوششوں پر بات کی ۔ ملاقات میں نائب سعودی وزیر دفاع شہزادہ عبدالرحمن بن محمد بن عیاف، چیف آف دی جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حامد الرویلی، وزیر دفاع کے مشیر برائے انٹیلی جنس امور ھشام بن عبدالعزیز بھی موجود تھے ۔پاکستان کی طرف سے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف کے سیکرٹری میجر جنرل جواد طارق اور مملکت میں پاکستانی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر محسن جاوید شامل تھے۔