فورسز معرکہ حق، عوام معیشت میں کامیاب ہونگے :احسن اقبال
مضبوط معیشت جنگ جیتنے کی ضمانت، سندھ نے بڑے اہل علم پیدا کئے ، وفاقی وزیر سندھ یونیورسٹی میں اے آئی لیبارٹری کے قیام کیلئے وفاق کی جانب سے فنڈ کا اعلان
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان فورسز کی جانب سے معرکہ حق میں شاندار کامیابی کے بعد اب عوام کو معرکہ معیشت میں کامیاب ہونا ہے ۔ جنگیں کامیابی سے تب لڑی جاتی ہیں، جب ملکی معیشت مضبوط ہو۔ جامعہ سندھ نے بے شمار دانشور اور اہلِ علم پیدا کیے ہیں، خوشی ہے کہ ایسی تاریخی یونیورسٹی میں دوسری بار نوجوانوں سے مخاطب ہوں۔ سندھ یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس کو شاندار آرٹیفشل انٹیلی جنس لیبارٹری کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈنگ دی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس میں آخری سال کے طلبہ و طالبات کی تھیسز نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں رہنے والے 90 لاکھ پاکستانی ہر سال 40 ارب ڈالر پاکستان بھیجتے ہیں، جبکہ دوسری طرف 24 کروڑ عوام مل کر بھی سال میں تجارت اور محنت کے ذریعے 40 لاکھ ڈالر نہیں کما سکتے ۔