رحیم یار خان، سرغنہ کوش گینگ کا 2 ساتھیوں سمیت سرنڈر
سر کی قیمت 25لاکھ مقرر تھی ،کچہ میں دہشت کی علامات ختم کرینگے :ڈی پی او
رحیم یارخان (ڈسٹرکٹ رپورٹر)کچہ میں جاری پولیس آپریشن کے دوران بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ کوش گینگ کے 25 لاکھ روپے سر کی مالیت کے ڈاکو ستار عرف ستاری کوش نے اپنے دو ساتھیوں لیاقت کوش اور برکت کوش کے ساتھ ہتھیار ڈال کر خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان علی سموں نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزموں کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی تحویل میں لیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچہ میں آپریشن کا مقصد علاقے سے دہشت کی علامت بننے والے عناصر کو ختم کرنا ہے اور تمام ملزموں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلانا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ کچہ میں جاری آپریشن آخر تک جاری رہے گا جب تک تمام مطلوبہ افراد ہتھیار ڈال کر قانون کے حوالے نہ ہوں۔ اس کامیاب گرفتاری کو علاقے میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کی حفاظت کے لئے اہم قرار دیا گیا ہے ۔