سی پیک پرکام کیوں نہیں ہورہا، حکومت جواب دے :حافظ نعیم

 سی پیک پرکام کیوں نہیں ہورہا، حکومت جواب دے :حافظ نعیم

کیا شہباز شریف اجلاس میں نیتن یاہو کیساتھ بیٹھنے سے انکار کی جرأت کرینگے ؟ امریکا کے زیراثر پالیسیوں کا ازسرِ نو جائزہ لیں، کرک میں لیڈرشپ ورکشاپ سے خطاب

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت جواب دے سی پیک پر کام کیوں نہیں ہورہا؟ امریکا کے زیراثر پالیسیوں کے نتیجہ میں پہلے افغانستان کے لوگ اور بعد میں ہمارے اپنے عوام ریاست سے ناراض ہوگئے ، موجودہ حکمران بھی واشنگٹن سے ہی امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں، کیا وزیراعظم شہباز شریف ٹرمپ کی زیرصدارت غزہ امن بورڈ اجلاس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ بیٹھنے سے انکار کی جرأت کرسکیں گے ؟ اسلام آباد پالیسیوں کا ازسرِ نو جائزہ لے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک میں لیڈرشپ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع شدید بدامنی کی زد میں ہیں۔ افغانستان کی حکومت کو بھی اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے کہ پاکستانیوں نے سالہاسال افغانوں کی میزبانی کی ہے ، افغان سرزمین کسی صورت پاکستان  میں دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا فکر مودودی کی بنیاد پر مصر، تیونس ، انڈونیشیا، بنگلہ دیش سمیت دنیا بھر میں بیداری پیدا ہورہی ہے ۔ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی ایک بڑی طاقت بن کر ابھری ہے ۔ جماعت اسلامی پاکستان سے وابستہ افراد کو اس امر پر اطمینان اور فخر ہونا چاہیے کہ وہ دین کی سربلندی اور انسانیت کو انسانوں کی غلامی سے آزاد کرانے کی تحریک کا حصہ ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کی طاقت سے فرسودہ نظام کو بدلے گی۔ آئی پی پیز مافیا کے خلاف بھی ازسرِ نو جدوجہد کا آغاز کریں گے ، عوام کوان کا حق دلایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں