چولستان ریلی :جدید ڈیوائس پاک -ایس بی اے ایس کا کامیاب آغاز
یہ ٹیکنالوجی ڈرائیوروں اور نیویگیشن ٹیموں کو راستوں کی ٹریکنگ میں اعتماد فراہم کرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں کو بہتر بنانے میںمددگارثابت ہوگی:ترجمان سپارکو
اسلا م آباد(نامہ نگار)سپارکو نے چولستان ریلی 2026 کے موقع پر نیویگیشن ٹیکنالوجی میں ایک نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 'سیٹلائٹ بیسڈ آگمینٹیشن سسٹم کے تصور پر مبنی ایک جدید ترین نیویگیشن ڈیوائس پاک-ایس بی اے ایس کا کامیاب آغاز کر دیا ہے ۔جاری بیان کے مطابق اس جدید ڈیوائس کا تجربہ چولستان کے دشوار گزار صحرائی حالات میں کیا گیا، جہاں تیز رفتاری، غیر متوقع راستوں اور بصری نشانات کی کمی کی وجہ سے انتہائی درست مقام کے تعین اور غیر متزلزل بھروسے کی ضرورت ہوتی ہے ۔پاک-ایس بی اے ایس نے ریلی کے تمام مراحل کے دوران پوزیشننگ کی اعلیٰ درستی، راستے کے مربوط تعین اور سگنل کی پائیداری کا بہترین مظاہرہ کیا۔ ایس بی اے ایس کی تصحیح کو بروئے کار لاتے ہوئے اس سسٹم نے عام جی این ایس ایس کے مقابلے میں مقام کے تعین میں ہونے والی غلطیوں کو نمایاں طور پر کم کیا ہے ،یہ ٹیکنالوجی ریلی ڈرائیوروں اور نیویگیشن ٹیموں کو راستوں کی ٹریکنگ میں وہ اعتماد فراہم کرتی ہے جو کہ مسابقتی صحرائی ریسنگ کے لیے ایک کلیدی عنصر کی حیثیت رکھتا ہے ۔پاک-ایس بی اے ایس ٹیکنالوجی عوامی مفاد اور قومی انفراسٹرکچر کے لیے دور رس نتائج کی حامل ہے ۔ یہ ٹیکنالوجی ریسکیو ٹیموں اور متاثرہ علاقوں کی درست ٹریکنگ کے ذریعے آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں کو بہتر بنانے ، گاڑیوں کی پوزیشننگ کے ذریعے ٹرانسپورٹ کی کارکردگی بڑھانے اور ہوا بازی کے شعبے میں زیادہ محفوظ نیویگیشن فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔