آزاد کشمیر میں عام انتخابات کیلئے کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستیں تیار
الیکشن کمیشن کا مرکزی دفتر نادرا ہیڈکوارٹرز سے مربوط، ٹریننگ سیشن مکمل کمپیوٹرائزڈ فہرستوں کے نظام کی رسمی افتتاحی تقریب کمیشن کی تکمیل پر ہو گی
اسلام آباد (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور نادرا کے اشتراک سے کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستیں تیار کر لیں ۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ تازہ ترین سسٹم ووٹر ڈیٹا کی درستگی، بروقت ڈیٹا اپ ڈیٹیشن اور شفافیت کو یقینی بنائے گا اور جدید ٹیکنالوجی کے مکمل استعمال سے آزاد کشمیر میں آئندہ عام انتخابات 2026 کو کامیابی سے منعقد کرایا جا ئیگا ۔ عام انتخابات وسطِ 2026 میں متوقع ہیں۔ اس سلسلے میں 11 فروری 2026 کو نادرا نے الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر کو نادرا ہیڈکوارٹرز سے کامیابی سے مربوط کر دیا 12 فروری 2026 کو نادرا کے ماہر ٹرینرز نے الیکشن کمیشن کے افسران اور عملے کے لیے ایک ماسٹر ٹریننگ سیشن منعقد کیا تاکہ سسٹم کا موثر اور ہموار استعمال یقینی بنایا جا سکے ۔ ممبر الیکشن کمیشن سید نذیر الحسن گیلانی نے اس اہم پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کے نظام کی رسمی افتتاحی تقریب کمیشن کی تکمیل اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے بعد کی جائے گی۔