چیئرمین واپڈا کا دیامربھاشا ڈیم اور داسو پاور پراجیکٹ کا دورہ
منصوبے بروقت مکمل کرنے کیلئے کام تیز کریں: لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد سعید بھاشا ڈیم 2030 میں مکمل ، داسوسے 2028 میں پیداوار شروع:بریفنگ
اسلام آباد (اے پی پی)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد سعید نے زیر تعمیر دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا ، دونوں منصوبوں پر تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لیا، پراجیکٹ حکام نے انہیں بریفنگ کے دوران بتایا کہ دونوں منصوبوں کے مین ڈیمز پر رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ (آر سی سی)ورکس اسی سال شروع ہو جائے گا۔ چیئرمین واپڈا نے دونوں پراجیکٹس کے جنرل منیجرز، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ وضع کئے گئے تعمیراتی پلان پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے کام میں تیزی لائیں تاکہ ان منصوبوں کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جا سکے ۔پہلے مرحلے میں چیئرمین نے چلاس شہر سے 40 کلومیٹر زیریں جانب دریائے سندھ پر تعمیر دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اوراہم سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ جنرل منیجر نے آگاہ کیا کہ اس وقت پراجیکٹ کی 20 سائٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے ، ڈیم کی تکمیل 2030 میں متوقع ہے ، نیشنل گرڈ کو ہر سال 18 ارب یونٹ کم لاگت بجلی فراہم کرے گا۔ دوسرے مرحلے میں چیئرمین ضلع اپر کوہستان میں دریائے سندھ پر تعمیر واپڈا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی سائٹس پر پہنچے اور انہوں نے اہم سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا ۔ جنرل منیجر نے چیئرمین کو بتایا کہ پراجیکٹ کی 23 سائٹس پر تعمیراتی کام بیک وقت جاری ہے ، پیداوار 2028 میں شروع ہو جائے گی، نیشنل گرڈ کو سالانہ 12 ارب یونٹ سستی بجلی فراہم ہوگی۔اس موقع پر چیئرمین نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 132 کے وی گرڈ سٹیشن کا افتتاح کیا۔