قوم بننے لگتے ہیں تو کوئی واقعہ ہو جاتا ہے :سعد رفیق
سزا ملنی ہے تو پھر سب کو برابر ملنی چاہیے :سینئر رہنما (ن)لیگ ،گفتگو
لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما وسابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سزا ملنی ہے تو پھر سب کو برابر ملنی چاہیے ،ہم جب 4 کروڑ تھے تب بھی دائروں میں سفر کر رہے تھے ، آج 25 کروڑ ہیں تب بھی دائروں میں سفر کر رہے ہیں، یہ دائروں کا سفر ختم ہونا چاہیے ۔فیض فیسٹول کے آخری روز پینل میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ہجوم ہیں قوم نہیں ، بدقسمتی سے ہمیں قوم بننے ہی نہیں دیا گیا، بدقسمتی سے ہم \\\"قوم \\\" بننے لگتے ہیں تو کوئی واقعہ ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آپ کو لیڈر چاہیے ، کوئی جاگیردار، ارب پتی یا سلیبرٹی، سیاسی جدوجہد کرنے والوں کی تو ضمانت ضبط ہو جاتی ہے ، ہم جذباتی ہو جاتے ہیں، معذرت کے ساتھ ہم 70 ء میں بھی جذباتی ہی ہوئے تھے اور آپ نے جاگیردار کو ٹھپہ لگا کر لیڈر بنا دیا تھا۔خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ اگر ہمیں دائرے کے سفر سے نکلنا ہے تو سب کو مل کر سوچنا ہوگا۔