چیف جسٹس سے ترک سفیر کی ملاقات، جدید عدالتی نظام پر گفتگو

چیف جسٹس سے ترک سفیر کی ملاقات، جدید عدالتی نظام پر گفتگو

ترکیہ آئینی عدالت کے صدرکاپرتپاک استقبال کیاجائیگا،جسٹس یحییٰ آفریدی

اسلام آباد(اے پی پی)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے پیر کو ملاقات کی۔ملاقات میں اعلیٰ سطح عدالتی تبادلوں کے حوالے  سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپریم اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وزارت قانون و انصاف کے سیکرٹری اور وزارت خارجہ کے نمائندے بھی موجود تھے ،ملاقات مارچ 2026 میں ترکیہ کی آ ئینی عدالت کے صدر کے متوقع دورہ پاکستان کے پس منظر میں ہوئی۔

دورے کے دوران پاکستان کی سپریم کورٹ اور ترکیہ کی آئینی عدالت کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط متوقع ہیں جو دونوں ممالک کی اعلیٰ عدلیہ کے مابین ادارہ جاتی تعاون کو باضابطہ شکل دے گی۔چیف جسٹس یحیی آفریدی نے مجوزہ دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا اور عدالتی روایات کے مطابق مکمل میزبانی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا دونوں ممالک مشترکہ قانونی روایات، باہمی احترام اور مضبوط ثقافتی رشتوں سے بندھے ہوئے ہیں۔ملاقات میں عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال،استعداد کار میں اضافے اور بہترین عدالتی طریقہ کار کے تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں