لاہورمیں مضبوط ہونے پرپی پی صوبے میں مستحکم ہوگی:گورنر
گورنر ہاؤس کے دروازے کارکنوں کیلئے کھلے ، زیادتی نہیں ہونے دینگے :سردار سلیم جوہر ٹاؤن دفتر آمد پر پرتپاک استقبال، ریلی ، جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور ،نعرے
لاہور،شیخوپورہ(سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے دفتر جوہر ٹاؤن آمد پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ٹھوکر نیاز بیگ سے جوہر ٹاؤن تک کارکنان ریلی کی صورت میں ہمراہ رہے ، جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور فضانعروں سے گونجتی رہی۔گورنر پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک نظریاتی اور عوامی جماعت ہے جو آئینی اور جمہوری نظام کے تحت آگے بڑھتی ہے ۔ لاہور پنجاب کا دل ہے اور یہاں پارٹی مضبوط ہوگی تو پورے صوبے میں مستحکم ہوگی۔ انہوں نے نئی تنظیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو فعال بنانے کیلئے ٹیم نے قلیل عرصے میں مو ثر کام کیا ہے ۔
گورنر نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ان کے وژن اور قیادت کی صلاحیتوں کی بنیاد پر ملک کی قیادت کیلئے آگے لایا جائے گا، گورنر ہاؤس کے دروازے کارکنوں کیلئے کھلے ہیں اور کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی ،لاہور کے صدر فیصل میر نے اعلان کیا کہ 29 مارچ کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر لبرٹی چوک جبکہ 14 اگست کو مینار پاکستان پر جلسہ کیا جائے گا۔ دھر مانانوالہ میں تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے گورنرپنجاب نے کہاکہ تحریک انصاف توڑ پھوڑ ،انتشار ،خلفشارکی سیاست کی بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے ، تاریخ گواہ ہے کہ ہمیشہ کامیابیاں مذاکرات اور ڈائیلاگ سے ہوئی ہیں، مگر بانی تحریک انصاف کا رویہ اور طریقہ کار بالکل نہیں بدلا ہے ،احتجاج اور دھرنوں سے مسائل حل نہیں پیچیدگی بڑھتی ہے ،پارٹی میں شامل ہونیوالے پارٹی رہنماؤں کوعزت و تکریم سے نواز اجائے گا۔