رواں سال کم از کم صدقۂ فطر فی کس 300 روپے مقرر
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) چیئرمین شرعی بورڈ پاکستان پروفیسر ڈاکٹر مفتی محمد ظفر اقبال جلالی نے رواں سال رمضان المبارک کے لیے صدقۂ فطر اور کفارۂ صوم کا اعلان کر دیا ہے ۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رواں سال کم از کم صدقۂ فطر فی کس 300 روپے مقرر کیا گیا ہے ، جب کہ صاحبِ استطاعت افراد کو زیادہ سے زیادہ ادا کرنے کی ترغیب دی گئی ہے ۔اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ گندم کے حساب سے صدقۂ فطر 300 روپے (دو کلو آٹا)، جو 1100 روپے (چار کلو)، کھجور 1600 روپے (چار کلو) اور کشمش 3800 روپے (چار کلو) کے حساب سے ادا کیا جا سکتا ہے ۔ اسی طرح 30 روزوں کا کفارہ گندم کے حساب سے 9000 روپے ، جو33000 روپے ، کھجور 48000 روپے اور کشمش 114000 روپے مقرر کیا گیا ہے ، جب کہ ایک روزہ توڑنے کا کفارہ 60 مساکین کو کھانا کھلانا یا اس کے مساوی رقم ادا کرنا ہوگا، جو مختلف گندم کے حساب سے 18000 روپے ،جو 66000 روپے ، کھجور96000 روپے اور کشمش 228000 روپے تک بنتا ہے ۔ڈاکٹر جلالی نے اپنے پیغام میں کہا کہ فدیہ صرف اُن افراد کے لیے ہے جو دائمی عذر کی بنا پر روزہ رکھنے کی قدرت نہیں رکھتے ، جب کہ عارضی مریض یا مسافر بعد میں روزوں کی قضا ادا کریں گے ۔