ای سی سی : رمضان ریلیف پیکیج کیلئے 19 ارب منظور
وزیر خزانہ کی زیرصدارت اجلاس میں آپریشنل اخراجات کی بھی منظوری دی گئی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج 2026ء کیلئے 19 ارب روپے کے اجرا کی منظوری دیدی ۔ ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا جس میں انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعہ صدارت کی۔ اجلاس کے اعلامیہ کہا گیا کہ آپریشنل اخراجات کیلئے ایک ارب روپے کی اصولی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے اخراجات کی مکمل تفصیلات فنانس ڈویژن کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے کہا کہ رقوم بینکنگ اور ڈیجیٹل ذرائع سے براہ راست مستحقین تک پہنچیں گی، وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے رمضان ریلیف پیکیج کیلئے 25 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری سے متعلق سمری کاجائزہ لیاگیا۔ فنانس ڈویژن نے کمیٹی کو بتایاکہ موجودہ مالی سال کیلئے رمضان پیکیج کی مد میں پہلے ہی 19 ارب روپے بجٹ میں مختص کئے جا چکے ہیں اور ضرورت کے مطابق باقی ماندہ فنڈز جاری کئے جائیں گے، ای سی سی نے فوری منظوری دے دی۔
کمیٹی کے سامنے پیش کردہ سمری کے مطابق وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج 2026 ء کا مجموعی حجم 39 ارب روپے ہے جس میں سے 10 ارب روپے پہلے ہی (بی آئی ایس پی )کے پاس دستیاب ہیں ، 29 ارب روپے کا انتظام ان تین اجزا کے ذریعے کیا گیا جن پر ای سی سی نے غور کیا ۔