وزیر دا خلہ سے اتحادی وزرا کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

 وزیر دا خلہ سے اتحادی وزرا کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

فورسز کی دلیرانہ کارروائیوں پر خراج تحسین ،قیام امن کیلئے ملکر چلنے کے عزم کا اعادہ نگران وزیراعلیٰ جی بی کی ملاقات، وزیر داخلہ کی سی ٹی ڈی کو جلدآپریشنل کرنیکی یقین دہانی

اسلام آباد(اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ق)، متحدہ قومی موومنٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے وفاقی وزرا نے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، داخلی سلامتی اور موجودہ سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات میں قیامِ امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ طور پر مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ ملاقات کرنے والے وفاقی وزرا میں مسلم لیگ ق کے چودھری سالک حسین، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی شریک تھے۔

اس موقع پر رہنماؤ ں نے قیامِ امن کیلئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی دلیرانہ کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کیا، دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گلگت بلتستان کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد خان نے ملاقات کی ، ملاقات میں گلگت بلتستان میں انتخابات کے موقع پر سکیورٹی ، امن و امان کی صورتحال اور سیاحت کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ سی ٹی ڈی کو جلد فعال کر کے جدید ٹیکنالوجی اور اسلحہ کے حوالے سے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں