اورکزئی :مسلح گروپوں میں جھڑپ، 4 جنگجو ہلاک، 5 زخمی

اورکزئی :مسلح گروپوں میں جھڑپ، 4 جنگجو ہلاک، 5 زخمی

داعش کمانڈر واحد2 ساتھیوں سمیت، ٹی ٹی پی معاویہ گروپ کا 1رکن مارا گیا زیرِ زمین نصب بارودی سرنگ دھماکے میں 14سالہ لڑکا شدید زخمی ہوگیا

کوہاٹ (این این آئی)قبائلی ضلع اورکزئی کی وسطی تحصیل کے دور افتادہ پہاڑی علاقے تورسمت شیخان میں دو مسلح گروپوں کے درمیان خونریز جھڑپ کے نتیجے میں کم از کم4 افراد ہلاک اور 5 دیگرزخمی ہوگئے ۔سکیورٹی ذرائع سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پہاڑی علاقہ تورسمت شیخان میں مبینہ طور پر داعش کے مقامی کمانڈر واحد عرف حمزہ اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے کمانڈر احمد عرف معاویہ گروپ کے جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈر واحد اپنے دو ساتھیوں سمیت ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔

جبکہ ٹی ٹی پی معاویہ گروپ کا ایک رکن ہلاک اور تین زخمی ہوئے ۔ فائرنگ کی زد میں آ کر2مقامی شہری بھی زخمی ہوگئے ۔دوسرے واقعہ میں اورکزئی کی اپر تحصیل کے علاقے خادیزئی میں افطاری سے کچھ دیر قبل زیرِ زمین نصب بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک نوعمر لڑکا شدید زخمی ہوگیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق واقعہ گزشتہ شام افطاری سے تقریباً نصف گھنٹہ قبل پیش آیاجب 14 سالہ جابر نامی لڑکا نامعلوم بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں لڑکے کو شدید چوٹیں آئیں ، اسے تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں