سندھ کے سب سے بڑے ڈاکو نے ہتھیار ڈال دئیے
ثنا اللہ شرپر 1 کروڑ انعام مقرر تھا،13 دیگر ڈاکوؤں نے بھی سرنڈر کر دیا ثنا اللہ پر 100 سے زائد مقدمات اور سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، آئی جی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں آپریشن نجات مہران میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ سندھ کے سب سے بڑے ڈکیت ثنا اللہ شر نے ہتھیار ڈال دئیے۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ سندھ کے سب سے بڑے ڈکیت ثنا اللہ شر عرف ثنو شر سمیت 13 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں، کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ثنا اللہ شر نے سرنڈر کردیا ہے ، سندھ حکومت نے اس پر 1 کروڑ روپے انعام مقرر کیا تھا۔ جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہا کہ ثنا اللہ شر کی گرفتاری کے بعد اغوا برائے تاوان کا باب اختتام کو پہنچے گا، اس کے ساتھیوں نے بھی ہتھیار پھینکنا شروع کر دیے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈاکو ثنا اللہ شر قبائلی تنازعات میں بھی ملوث تھا، وہ سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں آپریٹ کرتا تھا، جس کی گرفتاری بہت بڑی کامیابی ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق ثنا اللہ شر پر 100 سے زائد مقدمات درج تھے ، وہ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے اور اغوا برائے تاوان سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔