عمران کی صحت بالکل ٹھیک، بے مثال سہولیات دیں :اختیار ولی
ان کے سیاسی بیانیے نے ہی کام خراب کیا ہوا ہے :کوآرڈینیٹر وزیراعظم عید کے بعد احتجاج کی کال دینگے :شفیع جان، پروگرام’’دنیا مہر بخاری کیساتھ‘‘
لاہور (دنیا نیوز )وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے یہ بات ان کی فیملی کو بھی معلوم ہے ،بانی کو جتنی صحت کی سہولیات دی گئیں اس کی مثال نہیں ملتی ، انہیں گھڑی کی سوئیاں بھی نظر آ رہی تھیں ، یہ ناشکری کرتے ہیں ، ان کے سیاسی بیانیے نے ہی کام خراب کیا ہوا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیل مینوئل میں طے ہے کہ جب قیدی بے ہوش یا گزر جائے تب اس کی فیملی کو اطلاع دی جاتی ہے ،جب علاج کیلئے لے جایا جائے تو کسی کو اطلاع نہیں دی جاتی ۔ معاون خصوصی اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو غیر قانونی جیل سے باہر رات کے اندھیرے میں لے جایا گیا ، ان کی صحت سے متعلق 12 سے 16 پٹیشنز عدالتوں میں پڑی ہیں لیکن سماعت کے لیے لگا ئی نہیں جا رہی، ہمارے لیے راستے بند کئے جا رہے ہیں ،عید کے بعد احتجاج کی کال دی جائے گی ، ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا جب تک بانی کا ذاتی ڈاکٹر شامل نہیں ہو گا ہم رپورٹ تسلیم نہیں کریں گے ۔