جسٹس ڈوگر نے سلام کا جوا ب تک نہیں دیا :سہیل آفریدی

 جسٹس ڈوگر نے سلام کا جوا ب تک نہیں دیا :سہیل آفریدی

سوا گھنٹے انتظارکیا،چیف جسٹس سنے بغیرچلے گئے ،اوپن کورٹ میں بات کرونگا عمران، بشریٰ ملاقات،190ملین پاؤنڈ میں سزامعطلی ، جلد سماعت کی آج شنوائی

اسلام آباد،راولپنڈی (کورٹ رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کے درمیان ملاقات ہو گئی  جبکہ 190ملین پاؤنڈ کیس میں سزامعطلی کی درخواستوں پر جلد سماعت کی متفرق درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کردی گئی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر کی عدالت میں موجود رہے ، انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے سوا گھنٹے انتظار کیاچیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے سلام کا جوا ب تک نہیں دیا ،بات سنے بغیر چلے گئے ۔سماعت کے وقت سہیل آفریدی کو چیف جسٹس کے سیکرٹری کی جانب سے پیغام دیا گیا کہ وہ ملاقات کے لئے سیکرٹری آفس آ جائیں تاہم وزیراعلیٰ نے مؤقف اختیار کیا کہ چونکہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز مقرر نہیں ہو رہے ، اس لئے وہ اوپن کورٹ میں ہی بات کریں گے اور بعد ازاں چیف جسٹس کی عدالت میں کیسز کی سماعتیں ختم ہونے پرسہیل آفریدی روسٹرم پر آگئے اور چیف جسٹس سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن چیف جسٹس سہیل آفریدی کی بات سنے بغیر اٹھ کر چیمبر میں چلے گئے ، اسی دوران بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان ، عظمیٰ خان اور نورین خان بھی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچیں ۔سہیل آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وہ روزے کی حالت میں روسٹرم پر گئے اور چیف جسٹس کو سلام کیا تاہم سلام کا جواب نہیں دیا گیا ۔

وہ سوا گھنٹہ انتظار کرتے رہے مگر انہیں موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال و ریسرچ سنٹر کے ڈاکٹرز سے طبی معائنہ کرانے کی درخواست جمع کرائی گئی تاہم درخواست سماعت کے لئے مقرر نہیں ہوئی۔ علی امین گنڈاپور سے سکیورٹی واپس لینے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا وہ اتنے فارغ نہیں کہ سکیورٹی واپس لیتے رہیں،اگر کوئی غیر اہم معاملے کو ایشو بنا کر خبروں میں رہنا چاہتا ہے تو وہ اس پر کچھ نہیں کہہ سکتے ۔ دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کے وکلا سلمان اکرم اور سلمان صفدر کی چیف جسٹس آفس سے ملاقات کے بعد القادر ٹرسٹ کیس میں متفرق درخواست جلد سماعت کے لئے مقرر کرنے کی یقین دہانی کرا دی گئی۔ علاوہ ازیں 190ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں کی جلد سماعت کی متفرق درخواست مقرر کر دی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان (آج) جمعرات کو درخواستوں پر سماعت کریں گے ۔مزید برآں عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ ،شہباز کھوسہ اور حمزہ ستار کی جانب سے سپریم کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس میں جلد سماعت ، بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی اور علاج سے متعلق متفرق درخواستیں دائر کر دی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں