نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کارحجان کم ،800نشستیں خالی
داخلے نہ ہونے کی وجہ سے کالجز کو سالانہ ڈیڑھ ارب سے زائد نقصان کا خدشہ
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) ملک میں بڑھتی بے روزگاری، مہنگی میڈیکل تعلیم دیگر شعبوں کی جانب طلبہ کے بڑھتے رجحان کے باعث رواں تعلیمی سال کے دوران ملک بھر کے نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی تقریباً 800 نشستیں تاحال خالی ہیں ، ان نشستوں پر داخلے نہ ہونے کی وجہ سے نجی کالجز کو سالانہ ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کے نقصان کا خدشہ ہے ،ذرائع کے مطابق40ہزار سے زائد طلبہ ایم ڈی کیٹ میں کامیاب ہوئے اس کے باوجود نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کا رجحان کم ہے ، پی ایم ڈی سی نے طلبہ کی سہولت کے پیش نظر داخلوں کی تاریخ میں 31 مارچ تک توسیع کر دی ،اس سے قبل نجی کالجز کو 28 فروری تک داخلے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے نجی میڈیکل کالجز میں 426 ، سندھ میں 345، خیبر پختونخوا میں 14 نشستیں خالی ہیں، جبکہ بلوچستان ،اسلام آباد کے نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی تمام نشستیں پُر ہو چکی ہیں ۔