اوورسیز پاکستانیوں کوسہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، قائمہ کمیٹی

اوورسیز پاکستانیوں کوسہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، قائمہ کمیٹی

یورپ میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی کارکردگی کا جائزہ ، ہدایات عملدرآمد پرغور اٹلی، سپین ، یونان میں ورک ویزا، تصدیقی ،اپوسٹیل مسائل پر فوری کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد (سید قیصر شاہ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کا اجلاس چیئرمین سید رفیع اللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں یورپ میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی کارکردگی اور سابقہ ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ اٹلی، سپین اور یونان سے متعلق مشن رپورٹس پیش کی گئیں جن میں ورک ویزا کے اجرا میں تاخیر، پاسپورٹ گم ہونے کے واقعات، صوبوں کے درمیان کریکٹر سرٹیفکیٹ کے غیر یکساں طریقہ کار اور اپوسٹیل کے عمل میں تاخیر پر تشویش ظاہر کی گئی۔ اٹلی میں 3,500 لیبر سلاٹس اور ایم او یو پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا تاہم زیر التوا کیسز پر فوری اقدامات کی ہدایت دی گئی۔ یونان میں 51 ہزار دستاویزی پاکستانیوں کا ذکر کرتے ہوئے غیر دستاویزی کارکنوں کی کم از کم اجرت کے تحفظ پر رپورٹ طلب کی گئی ،کمیٹی نے ون ونڈو اپوسٹیل آپریشن کے لیے ٹائم لائن مانگی اور مجاز مدت سے زائد تعینات افسران کی تفصیلات بھی طلب کر لیں ، اجلاس میں متعدد ارکان نے آن لائن اور بالمشافہ شرکت کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں