ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا:گورنر پنجاب
پوری قوم خارجی دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا:سلیم حیدر خان
لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے تاہم ملکی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور ہر جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی اہل ہے ،افغان طالبان رجیم کی جارحیت کے جواب میں مؤثر کارروائی پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا۔ پوری قوم خارجی دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، پاکستان ماضی میں بھی بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دے چکا ہے اور آئندہ بھی ملک دشمن عناصر کو واضح پیغام دیتا رہے گا کہ قومی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی ،دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کے شہداء نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔