للکارنے پردشمن کو منہ توڑ جواب دینگے ، بلاول بھٹو
کابل رجیم کی غلط حکمت عملی نے ہمیں جوابی کارروائی پرمجبور کیا، پی پی چیئرمین
نوڈیرو (نمائندہ دنیا)بلاول بھٹو زرداری نے نوڈیرو ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے آپریشن غضب للحق پر پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تصادم کا خواہاں نہیں، لیکن اگر ملک کو للکارا گیا تو دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ افغان طالبان کے بلااشتعال حملے کے ردعمل میں پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیت اور دفاعی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ حکومت بھارت کی پراکسی بن کر خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنا بند کرے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کابل رجیم کی غلط حکمت عملی نے پاکستان کو جوابی کارروائی پر مجبور کیا، تاہم پاکستان امن کا خواہاں ہے اور خطے میں استحکام کو ترجیح دیتا ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ مشرقی سے مغربی سرحدوں تک پاک فوج ملک کے ہر انچ کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے ۔ قبل ازیں سردار امیربخش خان بھٹو نے نوڈیرو ہاؤس پہنچ کر بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، اور افغانستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔