خلیجی ممالک کے لیے ڈاک کی ترسیل عارضی طور پر معطل
یو اے ای، بحرین، قطر اور کویت کے لیے پروازیں بند ہونے سے ترسیل متاثر بک شدہ ڈاک، اشیا فلائٹ شیڈول کی بحالی تک ڈاکخانوں میں محفوظ:پاکستان پوسٹ
اسلام آباد (ایس ایم زمان)پاکستان پوسٹ آفس نے خطے کی صورتحال کے باعث خلیجی ممالک کے لیے ڈاک کی ترسیل عارضی طور پر معطل کر دی۔ پاکستان پوسٹ آفس کنٹرولر انٹرنیشنل میل آفس نے احکامات جاری کر دیئے ، پی آئی اے نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر خلیجی ممالک کے لیے اپنی پروازیں فوری معطل کر دیں۔ مراسلے کے مطابق پی آئی اے نے متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر اور کویت کے لیے فلائٹ آپریشنز عارضی روک دیئے جو فضائی حدود کی بحالی تک معطل رہیں گے البتہ سعودی عرب کے لیے پروازیں جاری رہیں گی تاہم ان کے روٹس تبدیل کر دیئے گئے اور طویل راستوں کے باعث تاخیر کا امکان ہے ۔ پاکستان پوسٹ کے مطابق موجودہ ڈاک شیڈول کے تحت سعودی عرب اور کینیڈا کے علاوہ دیگر تمام ممالک کے لیے وہ ڈاک جو قطر کے شہر دوحہ کے ذریعے جاتی ہے فی الحال معطل کر دی گئی۔ انٹرنیشنل میل آفس لاہور کے پاس محدود گنجائش کے باعث بک شدہ ڈاک، اشیا فلائٹ شیڈول کی بحالی تک متعلقہ ڈاک خانوں میں محفوظ رکھی جائیں گی۔ پاکستان پوسٹ نے متعلقہ تمام یونٹس کو ہدایت کی ہے کہ اس فیصلے سے عوام کو آگاہ کریں۔