خامنہ ای کی شہادت پر احتجاج جاری ،کئی جگہ غائبانہ نمازجنازہ ادا
کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے راستے بند،کئی شہروں میں ریلیاں ،نعرے بازی کئی جگہوں پر ہڑتال ،دھرنے دئیے گئے ،رہبر اعلیٰ اسلام کے نڈررہنما :مقررین
کراچی ،لاہور ،پشاور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)ایران کے رہبراعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گزشتہ روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہا جبکہ کئی مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی اور تعزیتی ودعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیاگیا۔مجلس وحدت مسلمین سندھ کی جانب سے یومِ سوگ منایا گیا،سکیورٹی خدشات کے باعث امریکی قونصلیٹ جانے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا، جبکہ شارع فیصل پر ایف ٹی سی کے قریب سڑک بھی بند کر دی گئی ۔کراچی میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر شہر کے مختلف اہم راستوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تاہم شہرِ قائد میں گزشتہ روز ہونے والی کشیدگی کے بعد پیر کو صورتحال معمول پر آگئی۔ کاروباری مراکز سمیت دفاتر، انڈسٹریل ایریاز اور دیگر سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں کام جاری رہا۔
مجلس وحدت مسلمین ، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سمیت ملت جعفریہ کی مختلف تنظیموں نے ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت میں رہبر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر پیر کی شب کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا۔ علامہ باقر عباس زیدی، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ صادق جعفری سمیت مقررین نے کہا کہ رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای عالم اسلام کے نڈر رہنما تھے ،ان کا کردار ظلم و ناانصافی کے خلاف استقامت، بصیرت اور بے باکی کی روشن مثال تھا۔ میرپورخاص میں سول سوسائٹی، آل پارٹیز ایکشن کمیٹی، شعیان حیدر کرار کی جانب سے احتجاج اور دھرنے دیئے گئے جبکہ ہندو برادری نے ہولی کی تقریبات منسوخ کر دیں،خواتین نے احتجاجی ریلی بھی نکالی ۔جیکب آباد میں دوسرے روز بھی شیعہ تنظیموں کا احتجاج جاری رہا ،ڈی سی چوک پر دھرنا دیاگیا۔
انجمن جعفریہ مانانوالہ کے زیرِ اہتمام ریلی نکالی گئی۔ پنڈی بھٹیاں میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی اور ہڑتال کی گئی۔ریلی کے شرکا نے احتجاجی بینرز اٹھا رکھے تھے امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگا رہے تھے ۔ رینالہ خورد میں تحصیل بار ایسوسی ایشن کی کال پر آج اسرائیل اور امریکا کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔ رحیم یار خان میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیااورریلی نکالی گئی ۔ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر کی اپیل پر امریکاو اسرائیل کے مشترکہ حملے میں آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر جامعہ پشاور سمیت صوبہ بھر کی مختلف مقامات میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ پنوں عاقل میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔آزادکشمیربھرمیں بھی سوگ کی کیفیت رہی اور مظفرآباد سمیت مختلف شہرو ں میں ریلیاں نکالی گئیں ۔