3روز میں مشرق وسطیٰ کیلئے 500 پروازیں منسوخ
ہزاروں مسافر پھنس گئے ،کارگو طیاروں پر لوڈ اشیائے خور ونوش کی ترسیل معطل
لاہور،کراچی (نیوز رپورٹر،این این آئی) ایران امریکا جنگ کے باعث دیگر ممالک کی طرح پاکستان سے بھی مشرق وسطیٰ کیلئے فضائی آپریشن درہم برہم ، ملک بھر کے ایئر پورٹس سے تین روز میں ملکی وغیر ملکی ایئر لائنز کی500 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، ہزاروں مسافر پھنس گئے ۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق پروازیں کب بحال ہونگی ابھی صورتحال واضح نہیں ہوئی ۔پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے مختلف ایئرپورٹ لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور ،کوئٹہ ،فیصل آباد اورملتان ایئرپورٹس سے پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنز اور غیر ملکی ایئر لائنز کی بحرین، کویت ،قطر ،شارجہ ،دبئی ،ترکی ،عراق، ایران سمیت دیگر ممالک جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں ،ابتک مختلف ایئر لائنز کی 500 سے زائد پروازیں منسوخ ہوچکیں، ان میں ایئر کارگو سروس بھی شامل ہے اور ان پروازوں کے معطل ہونے سے اشیائے خور ونوش کی ترسیل سمیت دیگر اشیاء کی ترسیل بھی معطل ہو کر رہ گئی ۔ تاہم پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے مشرق وسطی ٰمیں صرف سعودی عرب کیلئے پروازوں کی آمد و رفت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر صورتحال ایسی ہی رہی یا مزید حالات خراب ہوئے تو پھر فضائی آپریشن مزید خرابی سے دوچار ہو جائے گا۔ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ترجمان خواجہ ایوب نسیم کے مطابق خوف وہراس کی وجہ سے عمرہ زائرین بھی جانے سے ہچکچا رہے ہیں ، صورتحال ایسی ہی رہی تو ٹریولز ایجنٹس کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو گا۔ ادھر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے )کی جانب سے نوٹم جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق لاہور اور کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن کے بعض فضائی روٹس کو کمرشل پروازوں کیلئے آج 3 مارچ سے 31 مارچ تک بند کر دیا گیا ہے ،اس دوران کمرشل پروازوں کو ان مخصوص روٹس پر فضائی حدود دستیاب نہیں ہوگی ، ایئر لائنز کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
دوسری طرف فضائی حدودکی بندش سے غیر ملکی ایئر لائنز کے 3 طیارے 28 فروری سے کراچی ایئر پورٹ پر موجودہیں۔28 فروری کو اچانک فضائی حدود بند ہونے پر پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والے طیاروں نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی ، مختلف ایئرلائنز کے 12 طیارے چلے گئے لیکن غیر ملکی ایئر لائنز کے 3 طیارے تاحال کراچی ایئرپورٹ کی پارکنگ پر موجود ہیں، جن میں قطر ایئر ویز، فلائی دبئی اور ایئر عریبیہ شامل ہیں۔ان پروازوں کے تمام مسافر 28 فروری سے کراچی کے ہوٹلوں میں مقیم ہیں ۔ دوسری طرف ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی ایئر لائنز کے بھی 2 طیارے تین دن سے یو اے ای میں پھنسے ہوئے ہیں ۔خیال رہے مختلف ممالک کی فضائی حدود مسلسل بند ہونے سے ہزاروں پروازیں متاثر اور لاکھوں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔