سائبرحملے ،موبائل لوکیشن سروسز تین دن تک بند رکھنے کی ہدایت
مشکوک لنکس کھولنے سے گریز ،ٹو فیکٹر توثیق فعال کریں:ایڈوائزری جاری
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی حکومت نے سائبر سکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی، موصولہ رپورٹس اسرائیل اور پاکستان کے درمیان سائبر سرگرمیوں میں اضافے کی نشاندہی کرتی ہیں۔ اسرائیلی عناصر نے میڈیا پلیٹ فارمز کو نشانہ بنایا، پاکستانی ہیکرز نے مبینہ طور پر اسرائیلی ویب سائٹس کے خلاف DDoS حملے کیے ۔ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ موبائل لوکیشن سروسز عارضی اگلے 2-3 دن بند رکھیں جب تک ضروری نہ ہو۔ نامعلوم، غیر ضروری یا مشکوک لنکس کھولنے سے گریز کریں، خاص طور پر جو سوشل میڈیا، واٹس ایپ، ای میل، یا ایس ایم ایس سے موصول ہوں۔ ایران/اسرائیل کے مسائل پر غیر ضروری آن لائن بات چیت، سوشل میڈیا یا عوامی پلیٹ فارمز پر حساس سیاسی مباحثوں میں شامل ہونے سے گریز کریں۔ اپنی سوشل میڈیا پرائیویسی سیٹنگز کا جائزہ لیں، تمام اہم اکاؤنٹس پر ٹو فیکٹر توثیق فعال کریں۔ یقینی بنائیں کہ آلات اپ ڈیٹ ہیں۔ اپنے موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر آلات تازہ ترین سکیورٹی پیچ اور اینٹی وائرس تحفظ کے ساتھ اپ ڈیٹ رکھیں۔ شہریوں سے سفارش ہے چوکس رہیں اور ڈیجیٹل سکیورٹی کو ترجیح دیں۔