جعلی اسناد پربھرتی،سی ڈی اے کے 28ملازمین گرفتار
ملزموں کا تعلق گریڈ 5سے 14تک کی مختلف اسامیوں سے تھا:تحقیقاتی ٹیم
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر،اپنے نامہ نگارسے ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے ایک کارروائی میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے ) کے 28 ملازمین کو گرفتار کر لیا۔ ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی اور من گھڑت تعلیمی اسناد جمع کروا کر سرکاری ملازمتیں حاصل کیں۔حکام کے مطابق یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب متعلقہ عدالت نے ملزمان کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ ایف آئی اے نے ان کے خلاف مقدمہ نمبر 109/2025، جو 4 دسمبر 2025 کو درج کیا گیا تھا، کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتاریاں عمل میں لائیں۔ اس مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے ساتھ انسداد بدعنوانی ایکٹ 1947 کی شقیں بھی شامل کی گئی ہیں،تحقیقاتی ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق گریڈ 5 سے لے کر گریڈ 14 تک کی مختلف اسامیوں سے تھا۔
انہوں نے مبینہ طور پر جعلی ڈگریاں اور سرٹیفکیٹس جمع کروا کر سرکاری نوکریاں حاصل کیں، جس سے قومی خزانے کو مالی نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ میرٹ کے اصولوں کو بھی پامال کیا گیا۔ایف آئی اے کے حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کا دائرہ صرف ملزمان تک محدود نہیں رکھا گیا۔ متعلقہ ریکروٹمنٹ کمیٹیوں، تعلیمی اسناد کی تصدیق کرنے والے اداروں اور اس تقرری کے عمل کو منظوری دینے والے افسران کے کردار کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اداروں میں شفافیت اور میرٹ کے نظام کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔