نئے سرکاری ملازمین کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ کا طریقہ کار تبدیل
تمام ملازمین کو اب پمز،پولی کلینک، بارڈر ہیلتھ سروسزسے سرٹیفکیٹ جا ری ہو گا پہلے طبی معائنہ صرف پولی کلینک کی ڈسپنسری اوربارڈر ہیلتھ سروسز میں ہوتا تھا
اسلام آباد (ایس ایم زمان)وفاقی حکومت نے نئے بھرتی ہونے والے ملازمین و افسران کے میڈیکل فٹنس معائنہ کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی،وزارت قومی صحت نے 1 تا 22 گریڈ کے تمام ریگولر، کنٹریکٹ اور ترقیاتی منصوبوں کے ملازمین کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کے لیے تین مراکز کی منظوری دی ہے ۔ اب تمام ملازمین میڈیکل معائنہ پمز ہسپتال، فیڈرل گورنمنٹ ہسپتال ( پولی کلینک) اسلام آباد اور بارڈر ہیلتھ سروسز سے کروا سکیں گے ۔ قبل ازیں گریڈ 16 تک کے ملازمین کا طبی معائنہ پولی کلینک ہسپتال کی ڈسپنسری اور 17 تا 22 گریڈ کے افسران کا بارڈر ہیلتھ سروسز کے ذریعے ہوتا تھا، وزارت قومی صحت نے اب تینوں ہسپتالوں کو ملازمین و افسران کے میڈیکل کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔