کیسز کی لائیو سٹریمنگ کا نتیجہ بڑا منفی آیا،فلموں میں الگ ماحول ہوتا:جسٹس محسن کیانی
عدالت میں ویڈیوریکارڈنگ کی کوشش پراظہاربرہمی، یہ ٹیچر ہیں انہیں کچھ نہیں کہنا چاہتا ، معذرت قبول کر لی اساتذہ ترقی کیس میں ایچ ای سی کی رپورٹ جمع، دلائل طلب، عدالت نے سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی
اسلام آباد (رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکور ٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے مختلف جامعات کے اساتذہ کی پروموشن سے متعلق درخواست میں ہائیرایجوکیشن کمیشن کا جواب جمع ہونے پر دلائل طلب کر لیے ۔ دوران سماعت ایچ ای سی کی جانب سے بی پی ایس اساتذہ کی پروموشن سے متعلق پالیسی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، ایک درخواست گزار کی موبائل ریکارڈنگ کی کوشش پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، عدالتی عملے نے موبائل فون اپنے قبضے میں کر لیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا آپ کون اور کرتے کیا ہیں؟ ویڈیو ریکارڈنگ کرنے والے شہری نے بتایا میں استاد ہوں، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا آپ کو تو زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے ، ہم عدالت میں ویڈیو ریکارڈنگ کی اجازت نہیں دیتے ، جن کیسز کی لائیو سٹریمنگ ہوئی اس کا نتیجہ بڑا منفی آیا ہے ، ٹی وی اور فلموں میں الگ ماحول ہوتا ہے ، درخواست گزار شہری نے کہا معذرت چاہتا ہوں غلطی ہوگئی، درخواست گزار کے وکیل نے کہا سر میں بھی ان کی طرف سے معذرت کرتا ہوں، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا یہ ٹیچر ہیں میں خود انہیں کچھ نہیں کہنا چاہتا، عدالت نے معذرت قبول کر لی، بعدازاں سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی گئی۔