موٹر سائیکل ایم ٹیگ کیس،7روزمیں حکام سے جواب طلب
عمل فوری روکنے کی استدعا مسترد ، یہ آپ کیلئے کیا جا رہا :اسلام آبادہائیکورٹ
اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے وفاقی دارالحکومت میں موٹر سائیکل پر ایم ٹیگ لگانے کے انتظامی حکم کے خلاف کیس میں 7روز میں متعلقہ حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے ایم ٹیگ لگانے کا عمل فوری روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا ایم ٹیگ اسی لئے لگوایا جا رہا تاکہ موٹر وہیکل کا پتہ چل سکے ، انہوں نے درخواست گزار وکیل سے کہاکہ یہ آپ کے لئے ہی تو کیا جا رہا ،یہ اس لئے بھی کیا جا رہا ہے کہ آپ کو رجسٹر کر لیا جائے تاکہ پتہ چل سکے ،یہ حکومت کا پالیسی کا معاملہ ہے ۔ وکیل نے کہاانتظامی حکم کو قانون میکنزم میں ہونا ضروری ہے ،لوگوں کو بہت زیادہ پریشانی ہو رہی ، استدعا ہے حکم امتناع دیاجائے ۔ عدالت نے استدعا مسترد کردی۔