سینیٹ کمیٹی فوڈ ،ساڑھے 20ارب کا ترقیاتی پروگرام منظور
اولیو ویلیو چین پرا جیکٹ کا دوسرا مرحلہ جون تک مکمل ہوگا :کمیٹی کو بریفنگ چیئر مین کمیٹی کی ڈی جی نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی عدم موجودگی کا نوٹس
اسلام آباد (نامہ نگار )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی نے وزارت کے مالی سال 2026-27 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے دی۔ اجلاس سینیٹر سید مسرور احسن کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سیکرٹری وزارت اور متعلقہ حکام نے بریفنگ دی ۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی ایس ڈی پی 2026-27 میں شامل 15 ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی لاگت 20.5 ارب روپے سے زائد ہے ، اولیو ویلیو چین پرا جیکٹ کا دوسرا مرحلہ جون 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد تیسرے مرحلے کا آغاز ہوگا۔ تیسرے مرحلے میں 40 ہزار ایکڑ پر کلسٹر بیسڈ کمرشل زیتون کے باغات لگائے جائیں گے ،بلوچستان اور تھر میں اونٹ کے دودھ کا پاؤڈر برآمد کرنے کا منصوبہ، گلگت بلتستان میں جدید سٹوریج سہولت اور اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ سلاٹر ہاؤس قائم کرنے کی تجویززیر غور ہے ۔ چیئرمین نے نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی عدم موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انہیں آئندہ اجلاس میں وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔