ڈیجیٹل معیشت کیلئے 1ارب ڈالر کے اے آئی فنڈ کے قیام کا اعلان
تمام سکولوں میں نصاب متعارف ، مضبوط اے آئی ایکو سسٹم قائم کیا جائیگا 1ہزار سکالرشپس فراہم ، 10لاکھ افراد کو تربیت دی جا ئیگی،وی سی پائیڈ
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) حکومتِ پاکستان نے ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ترقی کیلئے ایک ارب ڈالر کے اے آئی فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا ہے ۔حکام کے مطابق یہ اقدام حکومتِ پاکستان اور سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی مشترکہ کاوشوں کا حصہ ہے ۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس ( PIDE) کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم جاوید نے کہا کہ اے آئی فنڈنگ سے پاکستان میں ایک مضبوط اے آئی ایکو سسٹم کی بنیاد رکھی جا سکے گی، ملک بھر کے سکولوں میں اے آئی نصاب متعارف کرایا جائے گا ، 2030 تک طلبہ کے لیے ایک ہزار مکمل فنڈڈ سکالرشپس فراہم کی جائیں گی اور دس لاکھ غیر آئی ٹی افراد کو اے آئی سے متعلق تربیت دی جائے گی۔