پختونخوا حکومت رمضان پیکیج کی امدادی رقم تقسیم کرنے میں ناکام
وزیر اعلیٰ نے 10 لاکھ سے زائد شہریوں کو فی کس ساڑھے 12 ہزار دینے تھے صرف پی ٹی آئی ورکرز کو فنڈز مل رہے :اپوزیشن،الزامات درست نہیں:حکومت
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کی پختونخوا حکومت 15 رمضان گزرنے کے باوجود مستحق افراد میں رمضان سپورٹ پیکیج کی امدادی رقم تقسیم کرنے میں ناکام ہے ، وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے صوبے میں 10 لاکھ 34 ہزار افراد کو فی کس ساڑھے 12 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا تھالیکن محکمہ خزانہ کی جانب سے فنڈز کے اجرا کے باوجود ابھی تک مستحق افراد میں رقم تقسیم نہیں ہو سکی۔دوسری جانب اپوزیشن الزام لگا رہی ہے کہ سرکاری فنڈز تحریک انصاف کے ورکرز میں تقسیم کئے جا رہے ہیں جس کیلئے فہرستیں منتخب اراکین اور تحریک انصاف کے عہدیدار مرتب کررہے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق صوبائی کابینہ کے 11 فروری 2026 کے اجلاس میں متوسط طبقہ کی رمضان المبارک میں امداد کی منظوری دی گئی تھی جس کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 12 ارب 83 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ ہوا۔ محکمہ خزانہ نے 10 ارب روپے بطور گرانٹ اِن ایڈ اور 2 ارب 83 کروڑ 19 لاکھ 74 ہزار روپے بطور سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی۔ادھر وزیر اعلیٰ کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے الزامات کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ فنڈز بروقت جاری کئے گئے اور ادائیگیوں میں تاخیر صرف انتظامی ڈیٹا انٹری کی سست روی کے باعث ہوئی۔