دہشتگردوں کیخلاف مؤثر اقدامات ناگزیر
پشاور(این این آئی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے پارلیمنٹ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان مضبوط تعاون ناگزیر ہے۔
خیبر پختونخوا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ میں صف اول کا کردار ادا کرتا رہا ہے، یہاں کے عوام، پولیس اور سکیورٹی فورسز نے قیام امن کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پشاور میں ’’کاؤنٹر ٹیررازم اور ٹیررسٹ فنانسنگ کے خلاف پارلیمانی کردار اور ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافہ‘‘ کے عنوان سے مکالمے کے سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے تدارک کے لیے مضبوط قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک تشکیل دیا ہے، تاہم ان پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے صوبائی اداروں کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔