جنگ جلد بند، اثرات دہائیوں تک ہونگے : شاہد علوی
مڈل ایسٹ کو بحران میں مبتلا دیکھنا امریکا اور یورپ کے مفاد میں نہیں نئی ایرانی لیڈرشپ کا پلان کامیاب جارہا:اعجاز محمود، دنیا مہر بخاری کیساتھ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)دفاعی تجزیہ کار ایئر مارشل (ر) شاہد علوی نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کیساتھ‘‘گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جو ہم تنازع دیکھ رہے ہیں، اس کی ابھی ایک لہر دیکھی ہے ، اس کا جو اصل امپیکٹ ہو گا وہ جیوپولیٹکل ہو گا، کیو نکہ وسط ایشیا میں جتنی بھی جنگیں ہوتی ہیں وہ جنگیں سیزفائر سے کبھی بھی نتیجہ خیز نہیں ہوتیں ،اس جنگ کے بعد میں دیکھ رہا ہوں کہ شاید تین چار دہائیوں تک اس کے بہت زیادہ اثرات ہوں گے ،کیونکہ گلف اور مڈل ایسٹ کی عوام سمجھ چکی ہے کہ ان کے اور ایران کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے ،وہ یہ سمجھیں کہ ایران ان کو ٹارگٹ کررہا ہے جو بالکل غلط چیز ہے۔
ثابت ہو گیا ہے کہ ایران کسی سویلین پر اٹیک نہیں کررہا،آنے والے دنوں میں جب یہ تنازع ختم ہو گا تو ہوسکتا ہے 10یا15 دن میں ختم ہوجائے ،یا ایک ماہ لگ جائے ، اس خطے کی جوعوام ہے وہ اسرائیل و امریکا کی سازش کو بھانپ رہے ہیں، میرا خیال ہے کہ جو ابراہم اکارٖڈ کی طرف جارہے تھے اس میں بہت مشکلات آئیں گی، اس کے بعد شاید اس خطے کے عوام اور حکمرانوں کے درمیان سوچ اور نظرئیے کا اختلاف ہوجائے ،معاشی اثرات جو پڑرہے ہیں وہ اتنے زیادہ بھیانک ہیں اس کی وجہ سے مجھے لگ رہا ہے کہ یہ جنگ دس یا پندرہ دن یا ایک ماہ سے زیادہ نہیں جاسکے گی، جنگ کی وجہ سے اکانومی بیٹھ جائے گی،مڈل ایسٹ کوبحران کا شکار ہوتا ہوا دیکھنا یہ امریکا اور یورپ کے مفاد میں نہیں ہے۔
دفاعی تجزیہ کار ایئر وائس مارشل (ر) اعجاز محمود نے کہا کہ ہرآنے والے دن جنگ مزید پیچیدہ ہوتی جارہی ہے ، جو مقاصد لے کرامریکا، اسرائیل نے جنگ شروع کی تھی بظاہر ایران میں رجیم چینج اور ایٹمی تنصیبات کو ختم کرناتھا،امریکا ،اسرائیل نے خامنہ ای سمیت کئی لیڈروں کو شہید کردیا ، مگر ان کی ٹاپ لیڈر شپ نے جو پلان بنایا ہے ،وہ کامیاب جارہا ہے ،نئی قیادت اس پلان پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے ، اگر ا مریکا نے ایران کی جوہری صلاحیت کو ختم کرنا ہے توا س کاا علان ٹرمپ نے دو ماہ پہلے کیا تھا جب ایران کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔ایران جوابی کاررروائی بڑے اچھے طریقہ سے کررہا ہے ،ایران نے جس طرح گلف کے ممالک میں اٹیک کئے اور آبنائے ہرمز کو بند کردیا ،اس سے پورے ریجن، یورپ میں شدید اثرات پڑیں گے ، پوری دنیا مالیاتی بحران کا شکار ہو گی۔