ڈار کا کینیڈ ین ہم منصب کوفون ،توانائی دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق

 ڈار کا کینیڈ ین ہم منصب کوفون ،توانائی  دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق

اسلام آباد (وقائع نگار) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کئے جن میں دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور کینیڈا کی وزیر خارجہ کے درمیان گفتگو میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور زراعت، توانائی اور اہم معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا ، دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا ، اس موقع پر کینیڈا کی وزیر خارجہ نے کینیڈا میں مقیم متحرک پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لئے اعلیٰ سطح رابطوں اور تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

دریں اثنا نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف سے ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور آذربائیجان پر ڈرون حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے آذربائیجان اور اس کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کشیدگی میں فوری کمی کی ضرورت پر زور دیا۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لئے بات چیت اور سفارت کاری ناگزیر ہے اس لئے فریقین کو تحمل اور مکالمے کا راستہ اختیار کرنا چا ہئے ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں قریبی روابط جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں