مذہبی ایام، سکیورٹی انتظامات مؤثر بنائینگے

مذہبی ایام، سکیورٹی انتظامات مؤثر بنائینگے

کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں شیعہ علمائے کرام کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں یوم علیؓ، یوم قدس اور جمعۃ الوداع کے انتظامات کا جائزہ اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، ضیا الحسن لنجار، ریاض حسین شاہ شیرازی، سینیٹر وقار مہدی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور انسپکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو نے شرکت کی۔ اجلاس میں شریک علمائے کرام میں علامہ سید شہنشاہ نقوی، علامہ نثار احمد قلندری، علامہ سید باقر حسین زیدی، سید شبر رضا اور دیگر مذہبی رہنما شامل تھے ۔اجلاس کا آغاز آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا سے کیا گیا۔اجلاس کے دوران یوم علیؓ، یوم قدس اور جمعۃ الوداع کے موقع پر سکیورٹی و انتظامی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے ایران پر حالیہ حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں عوام کی رہنمائی کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک اس وقت جنگ جیسی صورتحال کا سامنا کر رہا ہے ، اس لیے پوری قوم کو اتحاد، بھائی چارے اور صبر کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا اگر عوام کو موجودہ حالات کے بارے میں مناسب رہنمائی فراہم کی جائے تو غیر ضروری مسائل سے بچا جا سکتا ہے ۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور علمائے کرام سے مشاورت کا مقصد ہم آہنگی کو فروغ دینا اور قیام امن کی کوششوں کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اہم مذہبی ایام کے موقع پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت بہترین ممکنہ سکیورٹی انتظامات کر رہی ہے اور علمائے کرام سے حکومت کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔شرکا نے سندھ حکومت اور علمائے کرام کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ اور امن و امان برقرار رکھنے میں کردار ادا کریں۔اجلاس اس اتفاق رائے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ سندھ حکومت اور علمائے کرام صوبے بھر میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں