خواتین کی شمولیت بغیر جمہوریت کا استحکام نا ممکن،چیئرمین سینیٹ
جمہوریت کی مضبوطی کیلئے خواتین کو پالیسی ساز ی میں شامل کرنا ہوگا، خطاب
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خواتین کو فیصلوں میں برابر کی شرکت دیئے بغیر جمہوریت مضبوط نہیں ہو سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (PIPS) میں عالمی یومِ خواتین کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان خواتین کو سماجی، معاشی اور سیاسی طور پر بااختیار بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی، حقیقی جمہوریت اسی وقت مضبوط ہو سکتی ہے جب خواتین کو پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کے عمل میں مردوں کے برابر مواقع اور نمائندگی حاصل ہو۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان ویمن پارلیمنٹری لیڈرز پورٹل کے اجرا کا خیر مقدم کیا اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کردار ادا کرنے پر محترمہ فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان، شائستہ اکرام اللہ، جہاں آراشاہنواز اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ تقریب میں سیکرٹری ویمن پارلیمنٹری کاکس ڈاکٹر شاہدہ رحمانی، غزالہ گولا بیگم، عشرت اشرف، سیدشمعون ہاشمی اور تنزیلہ ام حبیبہ و دیگر نے شرکت کی ۔