سابق PWD ملازمین کوعید سے قبل تنخواہیں دی جا ئیں، قائمہ کمیٹی

 سابق PWD ملازمین کوعید سے قبل تنخواہیں دی جا ئیں، قائمہ کمیٹی

وزیراعظم کی ہدایات کے باوجود معاملات کا زیر التوا رہنا حیران کن ، ناصر محمود قائمہ کمیٹی ہا ؤسنگ کا چیئر مین سی ڈی اے کی عدم حاضری کا نوٹس،طلب کرلیا

اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر محمود کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں سابق پاک پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کی مختلف وفاقی اداروں میں منتقلی اور گزشتہ سات ماہ سے واجب الادا تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نے کہا کہ کمیٹی کی مداخلت کا واحد مقصد متاثرہ ملازمین کو بلا تاخیر تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانا ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ عید سے قبل ان ملازمین کو تنخواہوں کی ادا ئیگی  یقینی بنا ئی جا ئے ، وزیراعظم کی واضح ہدایات کے باوجود بعض معاملات کا زیر التوا رہنا حیران کن ہے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تین دن کے اندر تعمیلی رپورٹس جمع کرا ئی جا ئیں اور مسئلے کو فوری حل کیا جائے ۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کی عدم حاضری کا بھی سخت نوٹس لیا گیا۔ سینیٹر بلال احمد خان نے کہا کہ اگر چیئرمین سی ڈی اے آئندہ اجلاس میں بھی پیش نہ ہوئے تو وہ کمیٹی کے مزید اجلاسوں میں شرکت نہیں کریں گے ۔ چیئرمین کمیٹی نے انہیں آئندہ اجلاس میں بطور آخری وارننگ طلب کر لیا اور کہا عدم حاضری پر قواعد کے مطابق کارروائی کی جائیگی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں