پٹرول ذخیرہ پر کریک ڈاؤن، مریم نواز کے حکم پر پیرا متحرک

پٹرول ذخیرہ پر کریک ڈاؤن، مریم نواز کے حکم پر پیرا متحرک

فیلڈ افسروں کو سخت مانیٹرنگ کا حکم،عدم برداشت اپنائیں:وزیراعلیٰ نکاسی آب پراجیکٹ مون سون سے پہلے مکمل کرنے کا حکم

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ناجائزمنافع خوری کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا جس پر ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغازکردیا گیا ،جس کیلئے پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (PERA)متحرک ہوگئی ۔وزیراعلیٰ کے حکم کے مطابق ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع میں ملوث پٹرول پمپس فوری سیل کرکے ان کے لائسنس منسوخ کئے جائیں گے، مریم نواز نے پیرا کو عدم برداشت کی پالیسی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے فیلڈ افسروں کو پٹرول پمپس کی سخت مانیٹرنگ کا حکم دیاہے۔

حکومت کی جانب سے کہاگیاہے کہ پٹرول مافیا کے گرد پنجاب حکومت نے فولادی شکنجہ تیارکرلیا ،پنجاب میں گلف ریجن کی جنگ کا بہانہ بنا کر عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،پنجاب میں پٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ موجود ہے ، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔ پٹرولیم مصنوعات سے متعلق قیاس آرائیوں پر حکومت پنجاب نے سخت انتباہ کیا کہ مصنوعی قلت کا شوشہ چھوڑنے والوں کا انجام عبرت ناک ہوگا۔دوسری طرف پنجاب میں پہلی مرتبہ بارش کے پانی کی نکاسی اور گراؤنڈ واٹر ری چارجنگ کیلئے 358 انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک کا پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے ،وزیراعلیٰ کی زیرصدارت خصوصی ویڈیولنک اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، صاف پانی اورمثالی گاؤں پراجیکٹ پرپیش رفت کا جائزہ لیاگیاجبکہ مریم نواز نے پراجیکٹس کا پکٹوریل وزٹ کیااور مون سون سے پہلے نکاسی آب کے پراجیکٹس مکمل کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ شہروں میں بارش کے پانی کے بروقت نکاس کیلئے 34بڑے انڈرگراؤنڈ سٹوریج واٹر ٹینک بنائے جائیں گے، سڑکوں پر کھڑے پانی کی جلد نکاسی کیلئے روڈ سائیڈ 324انڈر گراؤنڈواٹر ٹینک بنائے جائیں گے ،انڈر گراؤنڈسٹوریج ٹینک سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے پانی کو صاف کر کے آبپاشی کے لئے بھی استعمال کیا جاسکے گاجبکہ 328ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی بنائے جائیں گے۔ مختلف علاقوں میں 6100کلومیٹرسٹریٹ اورسیوریج بنایا جائے گا،نکاسی آب کی بہتری کیلئے 61ڈسپوزل سٹیشن کی بحالی اور56نئے ڈسپوزل سٹیشن بنائے جائیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیاکہ سرگودھا،ڈی جی خان،گجرات،اوکاڑہ،جھنگ،ملتان،سیالکوٹ ،جہلم،حافظ آباد، ساہیوال،فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ،ننکانہ اور راولپنڈی میں پراجیکٹ شروع کئے جارہے ہیں۔اجلاس میں مختلف شہروں میں صاف پانی کی بوتلیں فراہم کرنے کے پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔مریم نواز نے دیہات میں ترجیحاً پختہ گلیاں بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے مون سون سے پہلے نکاسی آب کے پراجیکٹس مکمل کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہاکہ 70،80سال میں وہ کام نہیں ہوئے ،جو پنجاب میں آج کئے جارہے ہیں۔ پانچ سال کے بعدلا ہور جدید اورخوبصورت پنجاب نظر آئے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں