حکمران عیاشیاں کم، وزرا، افسران کی مفت پٹرول سہولت ختم کی جائے : حافظ نعیم
قیمتوں میں اضافہ مسترد،عوام کو ریلیف دیا جائے ،حکومت نااہلی چھپانے کیلئے عوام پر بوجھ ڈال رہی ،امیر جماعت اسلامی حکومت لٹر پٹرول پر 120 روپے لیوی ودیگر ٹیکسز وصول کررہی جو سراسر ظلم،سوشل میڈیا پیغام،دعوت افطار سے گفتگو
کراچی(سٹاف رپورٹر، آئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم مصنوعات میں ہوش ربا اضافہ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنی عیاشیاں ختم کریں اور عوام کو ریلیف دیں۔ ایکس اور ویڈیو پیغام میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کا بہانہ بنا کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 55 روپے فی لٹر اضافہ کردیا، اس اضافہ میں 20 روپے لیوی کے ہیں۔ حکومت ایک لٹر پٹرول پر ایک عام فرد سے 120 روپے لیوی اور دیگر ٹیکسز کی مد میں وصول کررہی ہے جو سراسر ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ دو برس میں عوام سے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی مد میں 26 سو ارب وصول کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے سوال کیا کہ قوم کو بتایا جائے کہ ایف بی کے 26 ہزار ملازمین نے اشرافیہ سے کتنا ٹیکس وصول کیا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی عیاشیاں کم کرنے اور اشرافیہ سے ٹیکس وصول کرنے کو تیار نہیں جب کہ عام آدمی کا خون نچوڑا جارہا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ عوام کو قربانی کا بکرا بنانے کی بجائے وزیراعظم سرکاری گاڑیوں کو مفت پٹرول کی فراہمی اور بڑی گاڑیوں کی جگہ چھوٹی گاڑیوں کے استعمال کا اعلان کیوں نہیں کرتے ؟ ۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ وزرا، سرکاری افسروں کی مفت پٹرول کی سہولت ختم ہونی چاہئے ۔حکومت اپنی نااہلی چھپانے کیلئے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت عوام سے پیسے لے رہی ہے مگر اپنی عیاشیاں ختم نہیں کر رہی، پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے ۔علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے گلشن معمارمیں جماعت اسلامی ضلع گڈاپ کے تحت امریکا و اسرائیل مردہ باد جلسہ عام و دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو فوری طور پرغزہ پیس بورڈ سے باہر آجانا چاہئے ،پاکستان میں حکومتی و اپوزیشن پارٹیاں اور حکمران طبقہ مزاحمت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ۔ امریکہ،بھارت اور اسرائیل کا شیطانی اتحاد ہے جس نے مسلمانوں کے خلاف گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے ، اگر ہم اس وقت بھی مسلکی اختلافات میں لگے رہے تو اسلام اور مسلمانوں کے دشمن اسی طرح ہمیں مارتے رہیں گے ۔