بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 15 دہشتگرد ہلاک
ہرنائی میں فتنہ الخوارج کے 12، بسیمہ میں فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے اسلحہ، گولہ بارود ، دھماکا خیز مواد برآمد، کلیئرنس آپریشن جاری، صدر ،وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو کارروائیاں کرتے ہوئے 15 دہشتگرد ہلاک کردئیے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 15 دہشتگرد ہلاک کر دئیے گئے۔ 5 مارچ کو خفیہ اطلاع پر ضلع ہرنائی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 12 خوارج مارے گئے ۔ ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بسیمہ میں کیا گیا جہاں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے مختلف ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا۔ شدید مقابلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 3دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشتگرد متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہاملک سے بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے ۔ وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ شہباز شریف نے کہا عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ دہشت گردی کی اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی ارض وطن کو دہشتگردی سے محفوظ بنانے کیلئے مسلح افواج کی جاری کارروائیوں کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ۔