پی ٹی آئی قیادت اختلافات ختم کرکے آگے بڑھے :اسیررہنما

پی ٹی آئی قیادت اختلافات ختم کرکے آگے بڑھے :اسیررہنما

بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے اندرونی اتحاد ناگزیر،صورتحال پرغورکیاجائے ملکر آگے کے راستے کاتعین کرناہوگا:کوٹ لکھپت جیل میں بندرہنماؤں کا خط

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے پارٹی قیادت کو اہم خط لکھا ہے جس میں انہیں اختلافات ختم کر کے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا گیا۔شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، اعجاز چودھری، عمر سرفراز چیمہ اور محمود الرشید نے پارٹی رہنماؤں کو خط میں لکھا کہ بدلتی صورتحال پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت اور پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کو غور کرنا چاہئے تاکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ذریعے آگے کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے ۔خط میں کہا گیا کہ مغربی اور مشرقی سرحد پر کشیدہ صورتحال، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی ہے لہٰذا داخلی سیاسی عدم استحکام سے ہونے والا بحران ملک کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے ، بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے اندرونی اتحاد اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ سرمایہ کاری کا ارادہ رکھنے والے خلیجی ممالک کی توجہ اس وقت جوابی کارروائیوں پر ہے ، پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کا بڑا حصہ دوست ممالک کی رکھوائی گئی رقوم پر مشتمل ہے ، متحدہ عرب امارات نے رقوم سالانہ کے بجائے اب ماہانہ رول اوور کی پالیسی اختیار کی، اس سے رقوم کے حصول میں مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہمارے درآمدی بل کو بڑھا دے گا اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ختم ہو سکتا ہے ، اس صورتحال میں اختلافات ختم کر کے اعتماد بحال کیا اور آگے بڑھا جائے ، سیاسی جماعتوں، عسکری قیادت، عدلیہ، وکلا اور میڈیا کو مل کر آگے کا راستہ متعین کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں