غزوہ بدر تاریخ اسلام کا فیصلہ کن معرکہ
لاہور (سٹاف رپورٹر ) سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے 17رمضان المبارک معرکہ غزوہ بدر کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزوہ بدر اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور فیصلہ کن معرکہ تھا۔
جس نے حق اور باطل کے درمیان واضح فرق قائم کیا۔یہ وہ تاریخی دن تھا جب اہل ایمان کو اللہ تعالیٰ کی خصوصی نصرت حاصل ہوئی اور باطل کی طاقتوں کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہاکہ بدر کے میدان میں غرور،تکبر اور سر کشی کو شکست ہوئی جبکہ ایمان،اخلاص اور اطاعت رسول ﷺ کی قوت غالب آئی،اس معرکے نے یہ حقیقت ہمیشہ کے لئے واضح کر دی کہ اصل کامیابی حضور نبی اکرم ﷺ کی کامل اطاعت،وفاداری اور اللہ تعالیٰ پر غیر متزلزل یقین میں پوشیدہ ہے ۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جنگ بدر میں شریک صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اللہ کے رسول ﷺ کے فرمان کی تعمیل میں جان و مال کی ہر قربانی کے لیے تیار تھے ۔ ان کی استقامت، اخلاص اور جذبہ ایمان نے اس معرکے کو تاریخ اسلام کا سنگِ میل بنا دیا۔ طاہرالقادری نے کہا کہ بدر کا دن اہل ایمان کے لیے کامیابی، عزم اور اللہ کی نصرت کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے ۔