ایران پر اسرائیل و امریکی حملوں کیخلاف آوازیں اٹھنے لگیں ، واشنگٹن میں بڑا مظاہرہ

 ایران پر اسرائیل و امریکی حملوں کیخلاف آوازیں اٹھنے لگیں ، واشنگٹن میں بڑا مظاہرہ

حملہ عالمی قانون کی خلاف ورزی :سوئس وزیر دفاع ، کئی ممالک جنگ کے مخالف :سپین،سنگین نتائج ہوں گے :عمان فرانسیسی صدر میکخواں کا ایرانی و امریکی ہم منصبوں سے ٹیلیفونک رابطہ ،آبنائے ہرمز میں جہاز رانی یقینی بنانے پر زور

میڈرڈ،پیرس،مسقط (نیوز ایجنسیاں)ایران پر اسرائیل وامریکی حملوں کے خلاف آوازیں اٹھنے لگیں،سپین،سوئٹزرلینڈ اور عمان نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی مخالفت کر دی۔ سوئٹزرلینڈ کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملے کرکے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی۔سوئس وزیر دفاع نے عام شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے تمام فریقوں سے لڑائی بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ہسپانوی وزیر اعظم نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں ایران جنگ کی مخالفت کرکے سپین دنیا میں تنہا رہ گیا ہے ، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے اس وقت بھی یہ باتیں پھیلائی تھیں جب سپین نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کیا تھا۔ان کا کہنا تھاکہ پھر اس کے بعد دیگر ملکوں نے بھی یہی قدم اٹھایا، ہم تنہا نہیں، ہم پہل کرنے والے ملک ہیں، اب دیگر ملک بھی ایران جنگ کی مخالفت کررہے ہیں، آخر میں وہی لوگ تنہائی کا شکار ہوں گے جو اس جنگ کی حمایت کررہے ہیں۔

عمان نے ایران کے خلاف کارروائی کو غیراخلاقی اور غیرقانونی قرار دیا ہے ۔عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے ایک ہنگامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے عمانی وزیر خارجہ نے ایران کی ہمسایوں کے خلاف جوابی کارروائی پر بھی اظہار افسوس کیا اور فریقین سے جنگ بندی کرکے سفارت کاری کی طرف لوٹنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ خطہ اس وقت ایک خطرناک موڑ پر کھڑا ہے کیونکہ فوجی کارروائیاں بڑھتی جارہی ہیں، لڑائی جاری رہی تو اس کے سنگین نتائج خطے کی سلامتی اور استحکام پر پڑیں گے ۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے اتوار کو اپنے امریکی و ایرانی ہم منصبوں سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔ میکخواں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ انہوں نے ایرانی صدر پر زور دیا کہ ایران فوری طور پر خطے کے ممالک پر حملے بند کرے ۔ انہوں نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ فرانسیسی صدر اسی سلسلے میں قبرص کا دورہ بھی کر رہے ہیں جہاں علاقائی سلامتی کے اقدامات پر بات چیت متوقع ہے۔

دوسری جانب ایران پر جنگ مسلط کرنے کے خلاف امریکا میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ۔ واشنگٹن، نیویارک اور کیلیفورنیا میں ایران جنگ کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ایران پر بمباری روکنے کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، ایران کے خلاف جنگ بند کرنے کے نعرے بھی لگائے گئے ۔ واشنگٹن میں بڑی تعداد میں مظاہرین نے ایرانی عوام کو اپنا مستقبل خود طے کرنے کا حق دینے کا مطالبہ کیا۔عالمی یومِ خواتین کے موقع پر سپین کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور خواتین کے خلاف تشدد اور مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرے میڈرڈ، بارسلونا، والنسیا، سیویل، غرناطہ، بلباؤ اور سان سیباسٹین سمیت کئی شہروں میں منعقد ہوئے ۔ شرکا نے ’’جنگ نہیں چاہیے اور سامراجی جنگ کے خلاف فیمینسٹ مزاحمت جیسے درج نعروں کے بینرز اٹھا رکھے تھے ۔نائب وزیرِاعظم یولاندا ڈیاز نے کہا کہ امن اور ایرانی عوام خصوصاً خواتین کے حق میں آواز بلند کرنا ضروری ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں