امریکا ایران جنگ ، عراق پھر پراکسی میدان بن گیا
ملک بھر میں ایران نواز گروہوں کے ٹھکانوں پر امریکی حملوں کی اطلاعات تہران کے حامی گروہوں کا عراق میں امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
بغداد(اے ایف پی)امریکا اور اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ہفتے ایران پر حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے اثرات عراق تک پھیل گئے ۔ فضائی حدود میں جنگی طیاروں کی پروازیں شروع ہو گئیں جبکہ ملک بھر میں ایران نواز گروہوں کے ٹھکانوں پر امریکی حملوں کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب تہران کے حمایت یافتہ گروہوں نے عراق میں امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے ہیں جبکہ ایران نے شمالی علاقوں میں کرد جنگجوؤں پر بھی حملے کیے ۔ عراق ماضی میں بھی امریکا اور ایران کے درمیان پراکسی میدان بنتا رہا ہے اور حکومتیں دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات میں توازن قائم رکھنے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔ موجودہ کشیدگی کے بعد خطے میں عدم استحکام کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔