کابل حکومت پر اعتبار کرنا بہت بڑا خطرہ :خواجہ آصف

کابل حکومت پر اعتبار کرنا بہت بڑا خطرہ :خواجہ آصف

افغانستان نے ہمیشہ دہشتگردوں کی پشت پناہی کی ،ایران ہمارابرادرملک دکھ کی بات ہے کہ مسلمان آپس میں ہی دست و گریباں ہیں :وزیردفاع

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افغانیوں پر مزید اعتبار کرنا ٹھیک نہیں، کابل حکومت پر اعتبار کرنا بہت بڑا خطرہ ہے ، افغانستان کے ساتھ بیک ڈور سفارتکاری کا مجھے علم نہیں، میرے خیال سے معنی خیز قسم کی کوشش نہیں ہو رہیں۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ تین سال سے بھرپور کوشش کی کہ افغانستان کے ساتھ اچھے ہمسایوں کی طرح زندگی بسر کریں، ہمیں افغانستان کے ساتھ کوئی غرض نہیں، ہمارے تعلقات قابل رشک نہیں رہے ۔ افغانیوں کی 50 سال مہمان نوازی کی، ان سے کوئی امید نہیں، وہ اپنے گھر میں شادباد رہیں۔ ان کا جو وتیراہے یہ آج قابل قبول ہے ،نہ پہلے تھا اور نہ کل ہوگا ۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی پشت پناہی کی، پاکستان میں جو کالعدم ٹی ٹی پی ہے یہ افغانستان کی فرنچائز ہے ۔

ان کی پشت پر افغانستان نہ ہو تو یہ کب کے ختم ہوچکے ہوتے ، اس صورتحال اور معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم قیمتیں پوری دنیا پر اثر انداز ہو رہی ہیں، پاکستان اکیلا نہیں۔ ایران ہمارا برادرملک ہے ، اللہ اس کی حفاظت فرمائے اور دیگر اسلامی ملک بھی ہمارے بھائی ہیں۔دکھ کی بات ہے کہ مسلمان آپس میں دست و گریباں ہیں جس سے نقصان ہی نقصان ہے ، سارے بحران کے پیچھے صہیونی سازشیں اور طاقتیں ہیں۔خواجہ آصف نے ایک سوشل میڈیاپیغام میں کہاکہ عالمی بحران میں حکومت کا فی لٹر پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں محدود اضافہ کرنا بہت محنت کا کام ہے ۔ خواجہ آصف نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو محدود قرار دیتے کہا کہ اس کیلئے پیشگی منصوبہ بندی، روابط اور انتظامات کی لمبی داستان ہے ، اگر وہ سب نہ کیا ہوتا تو آج پٹرول 375 روپے فی لٹر ہونا تھا۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں افغان مہاجرین پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے دئیے گئے تحفظ اور بہتر زندگی کے مواقع کے بدلے زہریلی تنقید کرتے ہیں۔افغان کرکٹر راشد خان کوکہیں اور پناہ لینی چاہیے ۔ لاکھوں لوگوں نے پچھلی نصف صدی میں ہمیں بیوقوف بنایا، وقت آگیا ہے کہ سب گھر واپس جائیں۔ انہوں نے طنز کیا کہ طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان جنت بن گیا ہے ، جہاں فرشتے حکمرانی کر رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں