فلسطین فاؤنڈیشن کا 23رمضان کو یومِ القدس منانے کا اعلان
اسرائیلی جارحیت کی مذمت، جنگل کا قانون رائج کرنے کی کوشش روکنا ہوگی گریٹر اسرائیل کے راستے میں ایران رکاوٹ،نیئربخاری،عبدالقیوم،راجہ ناصرعباس
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اسلام آباد چیپٹر کے زیرِ اہتمام، مرکزِ تحقیقات پاکستان و خلیج کے تعاون سے ماہِ رمضان فلسطین کے ساتھ مہم کے عنوان سے اسلام آباد میں یکجہتیٔ فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے نیئر بخاری، جنرل (ر)عبد القیوم، علامہ راجہ ناصر عباس، سراج الحق، ناصر عباس شیرازی دیگر نے خطاب کیا ،مقررین نے کہا کہ ملک بھر میں 23 رمضان کو یومِ القدس منایا جائے گا۔ عوام سڑکوں پر نکل کر فلسطین اور القدس کی آزادی کے لئے احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور دنیا میں جنگل کا قانون رائج کرنے کی ہر کوشش کو روکنا ہوگا۔مقررین کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو جیسے قاتلوں کا امریکہ میں ریڈ کارپٹ استقبال کر کے امریکی حکومت انسانیت کی توہین کر رہی ہے ۔ مقررین نے غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے ایران پر مسلط امریکی و اسرائیلی جارحیت کو خطے کے لئے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گریٹر اسرائیل کے راستے میں ایران سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اگر ایران کو نقصان پہنچا تو پاکستان، ترکیہ اور دیگر پڑوسی ممالک بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔