خواتین کو خود کفیل بنانا،معاشرتی سوچ تبدیل کرنا چاہتے ،شرجیل
عورتوں کو دہائیوں نظر انداز کیا گیا،بینظیر نے وزیر اعظم بن کر اس سوچ کاخاتمہ کیا خواتین کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹ دور کر رہے ، عالمی یوم خواتین پر مبارک باد
کراچی (خبر ایجنسیاں)صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر تمام خواتین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،یہ دن سب کا دن ہے ، معاشرے کو اکثر مردوں کی اجارہ داری والا سمجھا جاتا ہے جبکہ خواتین کو دہائیوں تک نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا بے نظیر بھٹو نے وزیر اعظم بن کر اس سوچ کے خاتمے کا آغاز کیا اور ایک خاتون نے ملک چلا کر دکھایا۔ ان کا کہنا تھا سندھ حکومت خواتین کی ترقی کی راہ میں حائل ٹرانسپورٹ کی بڑی رکاوٹ دور کر رہی ہے جبکہ بجلی سے چلنے والی سکوٹیز ماحول دوست توانائی کو فروغ دے رہی ہیں۔شرجیل میمن نے مزید کہا لیڈی ہیلتھ ورکرز کا تصور بھی پیپلز پارٹی نے پیش کیا جس سے ہزاروں خواتین خود کفیل ہوئیں اور دوسروں کو بھی مضبوط بنایا۔سندھ کے سینئر وزیر نے کہا میں تمام خواتین کو عالمی دن کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم خواتین کو خود کفیل بنانا اور معاشرے کی سوچ تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا سندھ حکومت خواتین کو 50 لاکھ سکوٹیز فراہم کرنے کا پروگرام شروع کر رہی ہے اور اس کے لئے کسی سفارش یا پرچی کی ضرورت نہیں ہوگی، سکوٹی حاصل کرنے کے لئے مستقل ڈرائیونگ لائسنس اور تعلیم یا ملازمت کا ثبوت درکار ہوگا جبکہ خواتین کو مفت ڈرائیونگ ٹریننگ بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔