190 ملین پاؤنڈ کیس:مسلسل التوا مانگنے پر نیب پر اسیکیوٹر کو 1لاکھ جرمانہ

190 ملین پاؤنڈ  کیس:مسلسل  التوا مانگنے  پر  نیب  پر  اسیکیوٹر  کو  1لاکھ  جرمانہ

ایگزیکٹو اسٹیبلشمنٹ عدالت کا احترام کرتی نہ ہی قانونی ضابطے مانتی ،قیدتنہائی سے آنکھ کے مسائل پیداہوئے :بیرسٹراعتزاز عید سے پہلے فیصلہ چاہتے :بیرسٹر سلمان صفدر ، اعتزاز ، سلمان اکرم اور بانی کی بہنوں کی سیکرٹری چیف جسٹس کے آفس آمد عمران کی ہسپتال منتقلی کی درخواست پر اعتراضات دور کرنے کیلئے مہلت، رجسٹرار آفس سے ایسے کیسز کی رپورٹ طلب

اسلام آباد (رضوان قاضی،اپنے نامہ نگارسے) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس  میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر مسلسل التواء طلب کرنے اور عدم پیشی پر سپیشل پراسیکیوٹر نیب پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ عدالت نے نیب کی متفرق درخواست پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو نوٹس بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ سزا معطلی کی درخواستیں ناقابل سماعت ہیں۔سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر اور اعتزاز احسن عدالت میں پیش ہوئے ۔ بیرسٹر اعتزاز احسن نے بتایا کہ وکالت نامہ لاہور سے عدالت میں جمع کرانے کے باوجود بانی پی ٹی آئی کے دستخط کرانے میں مشکلات پیش آئیں۔

چیف جسٹس نے نوٹس دیا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ دستخط کروا کر جمع کرائے ۔ اعتزاز احسن نے عدالت کو بتایا کہ ایگزیکٹو اسٹیبلشمنٹ نہ تو عدالت کا احترام کرتی ہے اور نہ ہی قانونی ضابطے مانتی ہے ، اور بانی پی ٹی آئی کو 65 دن تک تنہائی میں رکھا گیا جس کے دوران ان کی آنکھ کے مسائل پیدا ہوئے ۔ یہ ایک انتہائی مشکل صورتحال اور قید تنہائی کے دور کی طرح ہے ، جس کا اثر بانی پی ٹی آئی کی صحت پر پڑا ہے ،ہم یہ نہیں کہتے کہ کیس التوا میں جائے ،ہم کہتے ہیں روزانہ ہمارا کیس سنیں، عید سے پہلے ویسے بھی قیدی رہا کرنا ثواب کا کام ہے ، نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے موقف اختیار کیا کہ مرکزی اپیل سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئی، اس لیے سزا معطلی کی درخواستیں ناقابل سماعت ہیں۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ وہ صرف سماعت چاہتے ہیں اور عید سے پہلے کیس کا فیصلہ ہونا چاہیے تاکہ عدالتی عمل مکمل ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے پیش نظر جلد سماعت ضروری ہے اور عدالت کو معاملے میں سختی برتنی چاہیے ۔

عدالت نے نیب کی عدم پیشی اور التواء طلب کرنے پر سپیشل پراسیکیوٹر پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا اور نیب کی متفرق درخواست پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت مزید ملتوی کر دی اور بینچ اٹھ کر چیمبر میں چلا گیا، بعد ازاں بیرسٹر اعتزاز احسن، سلمان اکرم راجہ اور بانی کی بہنیں سیکرٹری آفس پہنچیں، بانی کی بہنوں نے سیکرٹری آفس میں کہاکہ ہم نے آئندہ کی تاریخ کے حوالے سے بات کرنی ہے ۔دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی شفا ہسپتال منتقلی سے متعلق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی کہ اس نوعیت کے کتنے کیسز زیر التوا ہیں، اس بارے میں رپورٹ پیش کی جائے ۔گزشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار ڈاکٹر عظمیٰ کے وکیل عزیر بھنڈاری عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست پر کچھ اعتراضات عائد کیے گئے ہیں۔ عدالت آئندہ ہفتے کیس مقرر کر دے ، ہم یہ اعتراضات دور کر دیں گے ۔جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی جانب سے ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ آفس سے معلوم کر لیتے ہیں کہ اس نوعیت کی کتنی درخواستیں زیر التوا ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں