پولیس چھاپے کے دوران خاتون جاں بحق، ورثا کا احتجاج
گجرات سرگودھا روڈ غزالی پل پر لاش رکھ دی ، ٹائر جلاکر سڑک بلاک کر دی پو لیس حکام موقع پر پہنچ گئے ، مذاکرات کے بعد احتجاج ختم، ٹریفک بحال کر دی گئی
پھالیہ (نامہ نگار )تھانہ سول لائن پولیس کی جانب سے گرفتاری کیلئے رات کی تاریکی میں مارے گئے چھاپے کے دوران ہونے والی مبینہ ہاتھا پائی میں خاتون جاں بحق ہو گئی، مشتعل لواحقین نے گجرات سرگودھا روڈ غزالی پل پر لاش رکھ کر شدید احتجاج کیا، ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔تفصیلات کے مطابق دھریکاں کلاں کے رہائشی اسلم کے گھر تھانہ سول لائن پولیس نے ایک مقدمہ کے سلسلہ میں رات کے وقت چھاپہ مارا۔ اس دوران اہل خانہ کی جانب سے مزاحمت اور فریقین کے درمیان ہونے والی ہاتھا پائی میں محمد اسلم کی اہلیہ نسیم بی بی کی حالت غیر ہو گئی اور وہ جان کی بازی ہار گئیں۔واقعہ کے بعد متاثرہ خاندان اور علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے گجرات سرگودھا روڈ پر واقع غزالی پل پر خاتون کی لاش رکھ کر ٹائر جلا د ئیے جس کے نتیجہ میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی سرکل پھالیہ اعظم ڈھڈی پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور متاثرہ خاندان سے مذاکرات کئے ۔ کامیاب مذاکرات کے بعد لواحقین نے احتجاج ختم کر دیا جس پر ٹریفک بحال کر دی گئی۔